بچت، سرمایہ کاری اور کمپاؤنڈنگ: ترقی کا پوشیدہ راز
آئن سٹائن سے منسوب ایک مشہور مقولہ ہے کہ "کمپاؤنڈنگ دنیا کا آٹھواں عجوبہ ہے۔ جو اسے سمجھتا ہے، وہ اسے کماتا ہے... اور جو نہیں سمجھتا، وہ اسے ادا کرتا ہے۔"
کمپاؤنڈنگ (Compounding)
کمپاؤنڈنگ ایک مالیاتی تصور ہے جس کے ذریعے آپ کی سرمایہ کاری یا بچت پر حاصل ہونے والا منافع وقت کے ساتھ بڑھتا جاتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر "منافع پر منافع" کمانے کا عمل ہے، جس میں آپ کے اصل سرمائے کے ساتھ ساتھ پہلے سے حاصل کیا ہوا منافع بھی نیا منافع پیدا کرتا ہے۔
کمپاؤنڈنگ کا اصول
کمپاؤنڈنگ کے عمل میں، آپ کہیں بھی جو منافع کماتے ہیں، وہ دوبارہ اصل سرمایہ میں شامل ہو جاتا ہے اور اگلے دورانیے کے لیے منافع اسی بڑی رقم پر لگایا جاتا ہے۔ اس طرح آپ کا سرمایہ تیزی سے بڑھتا جاتا ہے۔
ایک عام فہم مثال
فرض کریں کہ آپ نے 10,000 روپے کی سرمایہ کاری کی اور آپ کو سالانہ 10% منافع ملتا ہے۔
- پہلے سال کے بعد، آپ کو 10% منافع ملتا ہے، جو کہ 1,000 روپے بنتا ہے۔ اب آپ کے پاس کل 11,000 روپے ہو گئے۔
- دوسرے سال، 10% منافع 11,000 روپے پر لگایا جائے گا، یعنی آپ کو 1,100 روپے منافع ملے گا۔ اب آپ کے پاس کل 12,100 روپے ہو گئے۔
- تیسرے سال، منافع 12,100 روپے پر لگے گا، یعنی 1,210 روپے کا نیا منافع ملے گا، اور آپ کی کل رقم 13,310 روپے ہو جائے گی۔
جوں جوں وقت گزرتا ہے، ہر سال منافع کی رقم بڑھتی جاتی ہے کیونکہ آپ کا سرمایہ بھی بڑھتا جاتا ہے۔
کمپاؤنڈنگ کا فائدہ
کمپاؤنڈنگ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ آپ کو طویل مدت میں چھوٹی سرمایہ کاری پر بھی بڑا منافع حاصل کرنے کا موقع دیتا ہے۔ یہ اصول خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو طویل مدتی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
ایک مثال
میں نے ایک مثال دی تھی کہ اگر کوئی شخص ہر ماہ صرف 2,000 روپے جمع کرتا ہے، تو سال کے آخر میں اس کے پاس 24,000 روپے ہوں گے۔ اگر اس پر 10 فیصد منافع حاصل ہو، تو دس سال میں یہ رقم بڑھ کر 4,45,000 روپے تک پہنچ جائے گی، اور بیس سال بعد یہی رقم تقریباً 23,53,000 روپے ہو جائے گی۔
یہاں شاید کسی نے غور ہی نہیں کیا کہ جو رقم پہلے دس سال میں صرف 4,45,000 بنی تھی، وہ اگلے دس سال میں بڑھ کر 23,53,000 تک کیسے پہنچ گئی؟ یعنی پہلے دس سال کے مقابلے میں تقریباً 429 فیصد زیادہ۔ بظاہر تو اگلے دس سال میں اسے صرف دگنا ہونا چاہئے تھا۔
یہ حیران کن اضافہ دراصل کمپاؤنڈنگ کا جادو ہے، کیونکہ جیسے جیسے وقت گزرتا ہے، ہر پچھلا منافع اصل رقم میں شامل ہوتا جاتا ہے اور ہر سال اس پر مزید منافع حاصل ہوتا رہتا ہے، جو وقت کے ساتھ بڑھتا چلا جاتا ہے۔
اسی مثال میں، جس شخص نے ہر ماہ 2,000 روپے جمع کیے، اس نے دس سال میں اصل رقم صرف 2,40,000 روپے جمع کی۔ لیکن کمپاؤنڈنگ اور 10 فیصد سالانہ منافع کے اثرات نے اس رقم کو 4,45,000 روپے میں تبدیل کر دیا۔
اسی طرح، بیس سال میں اس شخص نے اصل رقم صرف 4,80,000 روپے جمع کی، مگر کمپاؤنڈنگ کے اثرات اور سالانہ 10 فیصد منافع کی بدولت اس رقم نے بڑھ کر 23,53,000 روپے کی شکل اختیار کر لی۔
صرف بچت نہیں، آمدن اور کمپاؤنڈنگ
ہمارے ایک معزز دوست نے کل کہا کہ صرف بچت سے کوئی شخص ترقی نہیں کر سکتا، بلکہ ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ذرائع آمدن کو بڑھائے۔
یہ ایک عام فہم اور درست بات ہے کہ محض بچت پر انحصار کرنے سے کوئی شخص آگے نہیں بڑھ سکتا۔ آمدن کے نئے ذرائع تلاش کرنا بے شک ضروری ہے۔ لیکن یہاں جو پہلو اکثر نظرانداز ہو جاتا ہے، وہ ہے کمپاؤنڈنگ کا حیرت انگیز اثر۔ دوسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ بچت کو صرف جمع نہیں کرنا بلکہ اسے سرمایہ کاری میں لگانا ضروری ہے۔ جب سرمایہ کاری پر کمپاؤنڈنگ کا اثر پڑتا ہے، تو یہ بچت اپنی اصل سے کئی گنا بڑھتی چلی جاتی ہے۔
مثال کے طور پر، 20 سال میں جمع کی گئی اصل رقم تو صرف 4,80,000 روپے تھی۔ اگر صرف اتنی رقم بچا کر رکھی جاتی، تو یہ شاید کسی کی زندگی میں بڑا فرق نہ ڈالتی۔ لیکن جب یہی رقم منافع اور کمپاؤنڈنگ کے عمل سے گزرتی ہے، تو یہ قریباً 400 فیصد منافع دے کر 23,53,000 روپے تک پہنچ جاتی ہے۔
اب اس بات پر غور کریں کہ محض 2,000 روپے ماہانہ بچا کر اتنا بڑا مالی فائدہ حاصل کیا جا سکتا تھا۔ اس کے مقابلے میں، وہ کون سا کاروبار یا منصوبہ ہوتا جو ہر ماہ 2,000 روپے میں شروع کیا جاتا اور اتنے منافع بخش نتائج دیتا؟ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بچت کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور کمپاؤنڈنگ کا فائدہ کتنا اہم ہے۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ ماہانہ 2000 روپے جمع کرنے کی مثال محض ایک عام آدمی کی حیثیت کے مطابق سمجھنے کے لیے دی گئی ہے۔ اگر کوئی شخص بہترین کاروباری مہارت رکھتا ہے اور مسلسل کامیاب کاروبار کر سکتا ہے، تو اسے کوئی نہیں روکتا کہ وہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق بچت، سرمایہ کاری، اور کمپاؤنڈنگ کے اس جادوئی اثر سے فائدہ نہ اٹھائے۔ درحقیقت، کاروبار کے ساتھ ساتھ، یہ ایک اور طاقتور ذریعہ ہے جو طویل مدتی ترقی کو کئی گنا بڑھا سکتا ہے۔
نتیجہ
کمپاؤنڈنگ کا اصول سرمایہ کاری کو بڑھانے اور طویل مدتی مالیاتی فوائد حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ہے، بشرطیکہ اسے صحیح وقت پر اور مناسب حکمت عملی کے ساتھ استعمال کیا جائے۔
انتباہ: یہ صرف عمومی معلومات ہیں اور انہیں کسی بھی مالی مشورے کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے۔ کسی بھی سرمایہ کاری سے پہلے کسی مالی مشیر سے ضرور مشورہ لیں۔
(شعیب محمد)