سونے میں سرمایہ کاری کا جدید حل: بلاک چین ٹیکنالوجی
گولڈ کی تاریخی اہمیت
سونے (Gold) کی تاریخ انسانی تہذیب کے آغاز میں تب سے جڑی ہوئی ہے، جب سے اسے قیمتی دھات کے طور پر پہچانا اور تسلیم کیا گیا۔ یہ ایک ایسی منفرد دھات ہے جو اپنی چمک، کمیابی، اور خراب نہ ہونے والی خصوصیات کی وجہ سے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھی گئی۔ وقت کے ساتھ، سونا ایک مالیاتی معیار (Gold Standard) کے طور پر بھی استعمال ہوا، جس نے عالمی معیشتوں کو استحکام بخشا۔ آج بھی سونا سرمایہ کاری، قیمت اور قدر کے ذخیرے (Store of Value)، اور مالی تحفظ کی علامت کے طور پر اہمیت رکھتا ہے، خاص طور پر غیر یقینی ادوار میں، جب یہ ایک محفوظ اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔
سونا: افراطِ زر کے خلاف تحفظ
سونا صدیوں سے افراطِ زر (Inflation) کے خلاف تحفظ کا مؤثر ذریعہ سمجھا جاتا رہا ہے کیونکہ یہ اپنی قدر کو وقت کے ساتھ برقرار رکھتا ہے۔ تاہم، ایک عام آدمی کے لیے اپنے پاس سونا جمع کرنا ایک مشکل عمل ہے، کیونکہ اس کی قیمت بلند ہوتی ہے اور خریداری کے لیے بڑی رقم درکار ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں، سونے کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی اضافی اخراجات اور سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے، جو عام افراد کے لیے ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ نتیجتاً، سونا زیادہ تر ان لوگوں کے لیے موزوں ہوتا ہے جو طویل مدتی سرمایہ کاری اور مالی استحکام کے متحمل ہو سکتے ہیں۔
سونے کے زیورات: کیا محفوظ سرمایہ کاری ہیں؟
عام لوگ اور خواتین روایتی طور پر سونے کے زیورات کو نہ صرف زیب و زینت بلکہ سرمایہ کاری کے طور پر بھی جمع کرتے ہیں، لیکن وقت کے ساتھ سونے کی بڑھتی قیمتوں نے اسے خریدنا اور جمع کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ زیورات کی تیاری کے دوران کٹوتی، ملاوٹ، اور اُجرت کے نام پر اضافی رقم وصول کی جاتی ہے، جس سے اصل سرمایہ کاری کی قدر کم ہو جاتی ہے۔ درحقیقت، سونے کی حقیقی افادیت خالص سونے پر ہے، نہ کہ زیورات پر، کیونکہ زیورات میں ملاوٹ اور اجرت کی کٹوتی سرمایہ کاری کے فائدے کو محدود کر دیتی ہے۔ یہ مسائل زیورات کو سرمایہ کاری کے لحاظ سے مسلسل کم مؤثر بنا رہے ہیں۔
ڈیجیٹل گولڈ: بلاک چین کے ذریعے حل
سونے میں سرمایہ کاری اور بچت کے یہ مسائل بھی آج بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کیے جا رہے ہیں۔ امریکہ کا ایک ریگولیٹڈ مالیاتی ادارہ، PAXOS، جو پے پال (PayPal) جیسی بڑی کمپنی کے لیے بلاک چین ڈالرز (PYUSD) بھی منٹ کرتا ہے، Pax Gold (PAXG) کے نام سے ایک ڈیجیٹل ٹوکن فراہم کرتا ہے، جو مکمل طور پر فزیکل گولڈ سے بیک کیا جاتا ہے۔ تفصیل کے لئے متعلقہ کمپنی کی ویب سائیٹ دیکھئے.
لہٰذا عالمی معیار پہ ایک اونس اصلی سونے کے عوض اسی قیمت پہ ایک PAXG ٹوکن دستیاب ہے لیکن اس میں فائدہ یہ ہے کہ ضروری نہیں کہ آپ ایک تولہ یا ایک اونس سونا خریدیں بلکہ کوئی چاہے تو دس یا بیس ڈالر کا PAXG بھی خرید سکتا ہے اور بلاک چین پہ اس ڈیجیٹل گولڈ کو وقت کے ساتھ ساتھ اپنے ڈیجیٹل کرپٹو والٹ میں جمع کر سکتا ہے۔ اسی طرح اس ڈیجیٹل گولڈ کو کسی بھی وقت واپس ڈالر میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
آپ کسی بھی وقت اپنے ڈیجیٹل کرپٹو والٹ کے ایتھیریم ایڈریس کو ان کی ویب سائیٹ پہ ڈال کے یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کے والٹ میں موجود ڈیجیٹل گولڈ کی بیک پہ اصلی سونا گولڈ کی کس کمپنی کے فزیکل والٹ کے کس گولڈ بار کا حصہ ہے۔
یہ کمپنی PAXOS اور یہ ڈیجیٹل گولڈ ٹوکن (PAXG) نیویارک سٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز (DFS) سے منظورشدہ فہرست میں شامل ہیں, جو اس کی شفافیت اور اعتماد کو بڑھاتا ہے۔
انتباہ: یہ صرف عمومی معلومات ہیں اور انہیں کسی بھی مالی مشورے کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے۔ کسی بھی سرمایہ کاری سے پہلے کسی مالی مشیر سے ضرور مشورہ لیں۔
(شعیب محمد)